ناروے( مانیٹرنگ ڈیسک)اوورسیز نارویجن پاکستانی پاکستان کا فخر ہیں اور جس شعبے میں بھی کام کرتے ہیں، وہ پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں، یہ بات سفارت خانہ پاکستان کے ویلفیئر کمیونٹی کونسلر آصف حمید نے کہی۔14 اگست کمیٹی ناروے کے زیر اہتمام پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ مصور کلیم شہریار، ناروے کے Tore Hogstvedt اور پاکستان کی Dure Shahwar کے ساتھ ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز امام بزم نقشبند پروفیسر علامہ نصیر احمد نوری کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ دو مشہور وی لاگرز کی ناروے اور پاکستان پر بنائی ہوئی ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔تقریب کی میزبانی شاہد جمیل نے کی، اور اس میں سیاسی و سماجی رہنماں سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خطاب کرنے والوں میں عامر جاوید شیخ، آصف حمید، کلیم شہریار، Tore Hogstvedt، سینئر سیاستدان چوہدری اطہر علی اور صوفی انور شامل تھے۔عامر جاوید شیخ نے کہا کہ جب بھی پاکستان کو مدد کی ضرورت ہو، نارویجن پاکستانی ہمیشہ حاضر رہیں گے۔ آصف حمید نے کہا کہ ناروے کی ترقی میں پاکستانیوں کا بہت ہاتھ ہے، اور 50 سال بعد ہر شعبے میں پاکستانیوں کا نمایاں کردار نظر آتا ہے۔آصف حمید نے مزید کہا کہ ہم چھوٹی سی ایمبیسی میں کام کرتے ہیں، لیکن آپ سب پاکستان کے ایمبیسڈر ہیں اور آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
پاکستانی کمیونٹی کا کردار تسلیم، نارویجن پاکستانی پاکستان کا فخر ہیں:آصف حمید
7