اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل نے بچوں کے اغوا سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کہا کہ ملک میں قوانین تو موجود ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت نے اٹارنی جنرل کو تمام آئی جیز سے ملاقات کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اب تک ایسی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی آئی جیز کے ساتھ ملاقات ہوئی تھی، تاہم وکیل نے بتایا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے ادارے تو قائم ہیں لیکن ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ جس کا کام ہے وہی کرے، ہم ہر کام خود نہیں کر سکتے۔ اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ قوانین تو موجود ہیں، مگر ان پر عمل نہیں ہوتا۔ بعدازاں عدالت نے قومی کمیشن برائے تحفظ اطفال کے نمائندے کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
بچوں کے اغوا کے کیس میں قوانین موجود مگر عمل درآمد نہیں ہوتا:سپریم کورٹ
2