پشاور( اباسین خبر)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے رمضان المبارک میں مستحقین کو ریلیف نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور وزیراعلی سے استعفی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے رمضان پیکیج کا اعلان تو کیا تھا، لیکن اب تک امداد مستحقین تک نہیں پہنچی، جو کہ حکومت کی بدانتظامی اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔فیصل کریم کنڈی نے سوال کیا کہ جب کابینہ نے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی تھی اور فنڈز بھی جاری کر دیے تھے تو مستحقین تک امداد پہنچانے میں کیوں تاخیر ہو رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ رمضان میں لاکھوں غریب خاندان امداد کے منتظر تھے، لیکن صوبائی حکومت کی غفلت کے باعث وہ مشکلات کا شکار ہیں۔گورنر نے مزید کہا کہ رمضان پیکیج کی تقسیم میں تاخیر صوبے کے کمزور طبقات کے ساتھ سنگین مذاق ہے اور حکومت کو فوری طور پر اس کی تقسیم یقینی بنانی چاہیے۔ اگر عوام کو بروقت ریلیف نہ ملا تو حکومت کا اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔
رمضان پیکیج کی تقسیم میں تاخیر کمزور طبقات کے ساتھ سنگین مذاق ہے،گورنر کا وزیراعلی سے استعفے کا مطالبہ
1