حیدر آباد( اباسین خبر) وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ دشمن پاکستان کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاک افواج نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ “آج میں درگاہ مندر میں ہوں، یہ ایک قدیمی مندر ہے۔ پاکستان بھر میں ہولی کا تہوار منایا گیا ہے، اور میں ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہاں ہر مذہب کو آزادی ہے، اور اکثریت و اقلیت کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔”وزیر مملکت نے مزید کہا کہ “ہماری حکومت پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے، اور اگر پیپلز پارٹی ہماری حمایت نہ کرے تو حکومت ایک منٹ میں ختم ہو جائے گی۔” انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ دونوں جماعتوں کا ایجنڈا ملک کی معیشت اور خوشحالی ہے، اور وفاق کبھی بھی سندھ یا کسی صوبے کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ “ن لیگ نے ہمیشہ ملکی مسائل میں کردار ادا کیا ہے، اور بلوچستان و کے پی کے نے کینالز نکالے، اگر پنجاب بھی کینالز نکالنا چاہتا ہے تو سندھ کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔”انہوں نے کہا کہ “میاں نوازشریف نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا، اور انشا اللہ دہشت گردی کا خاتمہ جلد ہوگا۔ وزیراعظم نے حالیہ دنوں میں کوئٹہ کا دورہ کیا، اور پورے صوبے کو ساتھ لیا۔ یہ صرف ایک جماعت کا نہیں، پوری قوم کا مسئلہ ہے۔
پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ جلد ہوگا: کھیئل داس کوہستانی
4