اسلام آباد( اباسین خبر)پیپلز پارٹی نے الیکشن کے دوران انٹرا پارٹی الیکشن کے عمل کو مکمل کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا۔ ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی۔پیپلز پارٹی کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ پارٹی نے الیکشن بورڈ تشکیل دے دیا ہے اور پانچ ہفتوں میں انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ اس دوران، ممبر کے پی نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی کا چیئرمین کون ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کے چیئرمین ہیں۔الیکشن کمیشن نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ پیپلز پارٹی نے جنوری 2025 تک انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا وعدہ کیا تھا اور انہیں اس بارے میں شوکاز نوٹس جاری کر رکھا ہے۔ وکیل پیپلز پارٹی نے بتایا کہ قیادت کی مصروفیات اور مختلف وجوہات کے باعث تاخیر ہوئی ہے۔ کمیشن نے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔جمشید دستی کیس:دوسری جانب، جمشید دستی کے اثاثوں میں فرق کے حوالے سے کمیشن کے نوٹس اور نااہلی کی درخواستوں پر ان کے وکیل نے تحریری جواب جمع کروا دیا۔ وکیل نے کہا کہ درخواست گزار الیکشن ٹریبونل میں گواہ کے طور پر پیش ہو رہا ہے۔ ممبر کے پی نے اس پر کہا کہ ٹریبونل کے کیس کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کیس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔
پیپلز پارٹی نے انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل مکمل کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا
3