ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ٹیلی کام کمپنی نے سپیس ایکس سے بھارت میں سٹارلنک انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے لیے معاہدہ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹارلنک کی لائسنس درخواست ابتدائی منظوری کے قریب پہنچ چکی ہے، اور بھارتی کمپنی نے کہا ہے کہ سپیس ایکس کو بھارت میں سٹارلنک کی فروخت کے لیے ضروری اجازت نامے حاصل کرنے ہوں گے، جس کے بعد یہ معاہدہ نافذ العمل ہوگا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دونوں کمپنیاں مل کر سٹارلنک کے آلات کو ریٹیل دکانوں میں متعارف کرانے، کاروباری صارفین کے لیے سروس فراہم کرنے اور دیہی علاقوں میں مقامی آبادیوں، سکولوں اور طبی مراکز کو انٹرنیٹ فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں گی۔سپیس ایکس کی چیف آپریٹنگ آفیسر گوین شوٹویل نے اپنے بیان میں کہا کہ سپیس ایکس بھارتی کمپنی کے ساتھ کام کرنے اور سٹارلنک سے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے پرجوش ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارت میں ایلون مسک کے موجودہ کاروباری مفادات صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس تک محدود ہیں، تاہم ان کی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا جلد ہی بھارتی مارکیٹ میں قدم رکھنے والی ہے۔ گزشتہ ماہ ٹیسلا نے بھارت میں ملازمتوں کے اشتہارات دیے تھے، جو وزیر اعظم مودی اور ایلون مسک کی ملاقات کے چند دن بعد سامنے آئے تھے۔
بھارتی ٹیلی کام کمپنی نے سپیس ایکس سے سٹارلنک انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا معاہدہ کرلیا
8