کوئٹہ ( اباسین خبر)کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ٹرین کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کا یہ واقعہ مچھ کی پہاڑیوں کے علاقے میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے ٹرین کو روک کر مسافروں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔یہ واقعہ صبح ساڑھے نو بجے پیش آیا جب ٹرین گڈالار اور پیرو کنری کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ فائرنگ کی آوازیں ابھی تک سنائی دے رہی ہیں، اور مسافر خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ ٹرین کے ڈرائیور کے زخمی ہونے کے بعد، حالات کشیدہ ہو گئے ہیں اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔ریلوے پولیس نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ٹرین میں تقریبا 600 سے 700 مسافر سوار تھے۔ کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی خبریں بھی ہیں، تاہم تصدیق کا عمل جاری ہے۔ سبی سے ایمبولینسز کو جائے وقوعہ روانہ کر دیا گیا ہے، اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔سیکیورٹی فورسز نے اس علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور مزید کانوائے روانہ کی جا رہی ہے۔ ابھی تک ملزمان کے فرار ہونے کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں، تاہم اطلاعات کے مطابق انہوں نے مسافروں کو یرغمال بنا لیا ہے اور علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
جعفر ایکسپریس پر فائرنگ سے ٹرین کا ڈرائیور زخمی،مسافروں کو یرغمال بنانے کی کوشش
5