اسلام آباد( اباسین خبر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اڈیالہ جیل حکام کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکالت نامے دستخط کروا کر عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس انعام امین منہاس نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے اور وکالت ناموں کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار وکیل شعیب شاہین ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوئے، جبکہ عدالتی طلبی پر نمائندہ اڈیالہ جیل بھی عدالت میں موجود تھے۔دوران سماعت، وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ 200 سے زائد مقدمات ہیں اور اگر وکالت نامے نہیں ہوں گے تو قانونی کارروائی کیسے کی جائے گی۔ جس پر نمائندہ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے پاس عمران خان کا کوئی وکالت نامہ موجود نہیں۔شعیب شاہین نے مزید بتایا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کی کال آئی تھی کہ پہلے والے وکالت ناموں کا علم نہیں تھا، تاہم نئے وکالت نامے دستخط کے لیے دے دیے گئے، لیکن ابھی تک وہ واپس نہیں کیے گئے۔جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ وکالت نامے جیل حکام کو دے دیے جائیں، یہ کل تک عدالت میں واپس کر دیے جائیں گے۔ عدالت نے جیل حکام سے رپورٹ بھی طلب کر لی اور توہین عدالت کی درخواست پر مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔
بانی پی ٹی آئی سے وکالت نامے پر دستخط کروا کر عدالت میں پیش کیے جا ئیں
4