لاہور( اباسین خبر)پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایف آئی آر سے لے کر مقدمہ کے فیصلے تک کا مکمل ریکارڈ ون لنک پر ہوگا، جس کا نفاذ جلد کیا جائے گا۔ یہ قدم چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر اٹھایا گیا ہے، جس کا مقصد سائلین کو بروقت انصاف فراہم کرنا اور عدلیہ میں اصلاحات لانا ہے۔اس منصوبے کے تحت، جب بھی کوئی ایف آئی آر درج ہوگی، اس کا ریکارڈ پورے مقدمے کے دوران آن لائن موجود ہوگا، اور تمام مراحل کو ٹریک کیا جا سکے گا۔ اس سے تفتیشی افسران کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور پراسیکیوٹرز کے کام کو بھی جانچنا ممکن ہوگا۔ اگر تفتیشی افسر بروقت کارروائی نہیں کرتا، تو متعلقہ افسر اس کی وجہ کمپیوٹر پر دیکھ سکے گا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے آئی جی پنجاب، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب اور آئی ٹی ماہرین پر مشتمل ٹیم کو کام کرنے کی ہدایت دی تھی، اور اب یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے نفاذ سے عدالتوں میں زیر التوا مقدمات میں کمی آئے گی، اور صوبہ پنجاب دیگر صوبوں کے مقابلے میں ایک قدم آگے ہوگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی قدم ہے جس سے فوجداری نظام میں بہتری آئے گی اور عدالتوں میں مقدمات کی کارروائی میں مزید شفافیت آئے گی۔
ایف آئی آر سے لے کر مقدمہ کے فیصلے تک کا مکمل ریکارڈ ون لنک پردستیاب،پراجیکٹ مکمل
1