کراچی ( سپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کھلاڑی ایڈین مارکرم نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا ہے، جس کے بعد وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم میں شامل ہونے کے لیے دستیاب ہوں گے۔ایڈین مارکرم انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ تاہم، حالیہ ٹریننگ سیشن میں ان کا فٹنس ٹیسٹ لیا گیا، جسے انہوں نے کامیابی کے ساتھ پاس کیا ہے۔چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوبی افریقی ٹیم کو کئی اہم کھلاڑیوں کی انجریز کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا۔ ایڈین مارکرم کی انجری کے باعث جارج لینڈے کو ٹریولنگ ریزرو کے طور پر طلب کیا گیا تھا، لیکن اب مارکرم کی فٹنس کے بعد وہ سیمی فائنل میں ٹیم کا حصہ بنیں گے۔چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فاتح ٹیم دبئی میں بھارت کے خلاف فائنل کے لیے مقابلہ کرے گی۔گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
سیمی فائنل سے قبل جنوبی افریقا کے اہم کھلاڑی ٹیم کو دستیاب
5