لاہور( اباسین خبر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں اور 170 سیاحتی مقامات اور ٹریلز کی تعمیر و مرمت اور بحالی کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلے ایک اہم اجلاس میں کیے گئے جس کی صدارت وزیر اعلی مریم نواز نے کی۔ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق، وزیراعلی نے پنجاب کی پہلی مکمل ٹورازم ایپ “میگنی فیسینٹ” کی تیاری کا بھی اعلان کیا ہے، جو جلد متعارف کرائی جائے گی۔ اس ایپ کے ذریعے 170 سیاحتی مقامات کی ورچوئل سیر کی جا سکے گی اور مختلف سروسز جیسے ٹریول وزٹ، ہوٹل بکنگ، فوڈ پانڈا، اور چیٹ بوٹ سے مفید معلومات بھی حاصل کی جا سکیں گی۔اس منصوبے کا مقصد پنجاب میں سیاحت کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دینا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے پنجاب بھر میں مذہبی، تاریخی، قدیمی ورثہ، آثار قدیمہ اور ایکوٹورازم کو فروغ دینے کے لیے جامع منصوبہ کی اصولی منظوری دی۔ اس کے تحت پنجاب کے مختلف شہروں میں سیاحتی ٹریل تیار کی جائیں گی جن میں لاہور، ملتان، سکھ سائٹ، جی ٹی روڈ کی مغل یادگاریں، اور دیگر اہم سیاحتی مقامات شامل ہوں گے۔مزید برآں، گندھار تہذیب سے متعلق ٹیکسلا میوزیم اور دیگر تاریخی مقامات بھی سیاحوں کے لیے کھولے جائیں گے، اور گوردواروں اور گرجاگھروں کی قدیمی عمارتوں کی بحالی کی تجویز پر بھی کام کیا جائے گا۔ اسی طرح، چھانگا مانگا فارسٹ پارک اور لال سوہانرا نیشنل پارک کو ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے ڈویلپ کیا جائے گا۔مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں عالمی سطح پر سیاحت کے فروغ کی بنیاد رکھی جا رہی ہے اور تمام سیاحتی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔ ٹیکسلا کو مکمل ٹورسٹ سائٹ بنایا جائے گا اور وہاں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر بھی کی جائے گی۔یہ اقدامات پنجاب کو سیاحت کے لیے ایک عالمی سطح پر اہم مقام بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ثابت ہو سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے فروغ سیاحت کے لئے اہم فیصلے، 170 سیاحتی مقامات،ٹریلز کی تعمیر و بحالی کی منظوری
2