اسلام آباد( اباسین خبر)پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت کے دوران پارٹی کے اندرونی معاملات پر سوالات اٹھائے گئے۔ الیکشن کمیشن میں اس کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے کی، جس میں بیرسٹر گوہر، اکبر ایس بابر اور دیگر فریقین پیش ہوئے۔دوران سماعت ممبر کے پی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات کو کون چلا رہا ہے، اور میڈیا میں سلمان اکرم راجا کا نام آتا ہے، وہ پارٹی میں کس حیثیت میں ہیں؟ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات متنازع ہو چکے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ وہ صرف انڈور مینجمنٹ کے تحت معاملات چلا رہے ہیں، اور سرٹیفکیٹ ملنے پر معاملہ حل ہو جائے گا۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہائیکورٹ سے حکم امتناع ختم کرائیں، جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس کیس میں کوئی حکم امتناع نہیں ہے۔ممبر الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ یہ کیس ٹرائل نہیں ہے اور عدالتی فیصلے کا انتظار نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ دی گئی دستاویزات مکمل نہیں ہیں۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ یہ عوامی اہمیت کا معاملہ ہے اور الیکشن کمیشن نے بھی سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو متنازع قرار دیا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر فیصلہ سنائے۔بعد ازاں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی آئندہ سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔
انٹرا پارٹی انتخابات: پی ٹی آئی کے اندرونی معاملات کون چلا رہا ہے؟ الیکشن کمیشن
2