کراچی( اباسین خبر)شفقت، محبت اور رحم دلی کے پیکر عبدالستار ایدھی کا آج یوم پیدائش ہے۔انسانیت کے عظیم خادم عبدالستار ایدھی کا آج 97 واں یوم پیدائش ہے۔ عبدالستار ایدھی نے بلا تفریق انسانیت کی بے لوث خدمت کی، اور اپنی پوری زندگی فلاحی کاموں کے لیے وقف کر دی۔ دہائیوں تک انسانیت کی بلا تفریق خدمت کرنے والے ایدھی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہیں۔عبدالستار ایدھی 28 فروری 1928 کو بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد کراچی میں سکونت اختیار کرنے والے عبدالستار ایدھی نے 1951 میں ایک چھوٹے کمرے سے دکھی انسانیت کی خدمت کا آغاز کیا تھا۔ایدھی نے ایدھی فانڈیشن کی بنیاد رکھی، جس نے لاوارث بچوں، بے سہارا خواتین اور بزرگوں کو سہارا دیا۔ ایدھی کی ایمبولینس سروس نے بڑے سانحات سے لے کر چھوٹے حادثات تک میں انسانیت کی خدمت کی ایسی مثالیں قائم کیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ہسپتال، ایمبولینس، کلینک، زچکی سینٹر، پاگل خانے، معذوروں کے لیے گھر، بلڈ بینک، یتیم خانے، لاوارث بچوں کو گود لینے کے مراکز، پناہ گاہیں اور سکول جیسے متعدد فلاحی ادارے ایدھی فانڈیشن کی جانب سے قائم کیے گئے۔1997 کے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق، ایدھی فانڈیشن کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروس ہے۔ عبدالستار ایدھی کی اہلیہ ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ رہیں، اور ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے سماج کی خدمت کا جذبہ خود تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے آئندہ نسل تک منتقل کیا۔عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016 کو دنیا سے رخصت ہوئے، اور ایدھی ولیج میں کھڑے لاوارث بچوں نے بے ساختہ کہا کہ “ہم ایک بار پھر یتیم ہو گئے۔”
شفقت اور رحم دلی کے پیکر عبدالستار ایدھی کا آج 97 واں یوم پیدائش
4