کوئٹہ ( اباسین خبر)امیر جمعیت علما اسلام بلوچستان اور سینیٹر مولانا عبدالواسع، جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ اور دیگر مجلسِ عاملہ کے ممبران نے اپنے بیان میں کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کی عوامی مقبولیت اور اس کا نظریاتی و سیاسی وجود ہمیشہ سے باطل قوتوں کے لیے ناقابلِ برداشت رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے مینڈیٹ پر شب خون مارنا کسی فردِ واحد یا مقامی عناصر کی سازش نہیں بلکہ ایک گہری عالمی سازش کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سازش کے پیچھے وہ طاغوتی طاقتیں ہیں جو اسلام کے حقیقی ترجمانوں کو راستے سے ہٹانا چاہتی ہیں اور عالمی سطح پر اسلامی بیداری کی تحریکوں کو کچلنے والے عناصر آج پاکستان میں بھی اسی مکروہ ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔مولانا عبدالواسع نے وضاحت کی کہ ان طاقتوں کو اس بات کا خوف ہے کہ اگر جمعیت علمائے اسلام کی جدوجہد جاری رہی تو ملک میں اسلامی، جمہوری اور عوامی حقوق کی بالادستی یقینی ہو جائے گی۔ ان کے مطابق بین الاقوامی استعمار اور مقامی گماشتوں کے ذریعے جمعیت علمائے اسلام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی اپنے اصولوں پر قائم رہ کر ہر سازش کو بے نقاب کیا جائے گا۔ مولانا عبدالواسع نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے ہمیشہ پرامن اور عدم تشدد کے اصولوں پر اپنی جدوجہد کی ہے اور اسی حکمتِ عملی کے تحت نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ آج ملک کی سب سے منظم اور مضبوط عوامی قوت جمعیت علمائے اسلام ہے، جسے عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکی مفاد اور استحکام کی خاطر جماعت ابھی تک صبر و تحمل سے کام لے رہی ہے، لیکن حکومت کا رویہ انہیں مجبور کر رہا ہے کہ وہ عوام کی آواز بن کر عملی میدان میں اتریں۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ وہ تمام سازشیں جو دن کی روشنی میں جمعیت علمائے اسلام کے خلاف رچی گئیں، دنیا نے کھلی آنکھوں سے دیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کا اصول یہ ہے کہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے ہر سازش کو بے نقاب کیا جائے گا اور ہر شریکِ جرم کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔مولانا عبدالواسع نے حکومتی سازشی عناصر کو واضح پیغام دیا کہ جمعیت علمائے اسلام اپنے پرامن طرزِ سیاست سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ مزاحمت کریں گے، قربانیاں دیں گے لیکن اپنے مشن سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ یہ ان کے اسلاف کی روشن روایت ہے جس پر وہ ہمیشہ قائم رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج اقتدار میں بیٹھے ہیں، وہ صوبے کے عوام کے ساتھ بدترین رویہ اپنا رہے ہیں اور ظلم و ناانصافی کو فروغ دے رہے ہیں۔ تاہم، مولانا عبدالواسع نے کہا کہ تاریخ انہیں ایک بدنما کردار کے طور پر یاد رکھے گی اور صوبے کی نئی نسل ان کے کردار سے نفرت کرے گی۔آخر میں، انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ہر طرح کے ذاتی اور گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف جمہوری اقدار کی بحالی اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے، اور اس راہ میں کوئی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔
دنیا میں اسلا می بیداری کی تحریکو ں کو کچلنے کی کو ششیس ہو رہی ہیں ،مو لا نا واسع
2