کیلیفورنیا( مانیٹرنگ ڈیسک)انسٹاگرام نے ایک پرانا فیچر دوبارہ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو 2019 میں ختم کر دیا گیا تھا۔ یہ فیچر صارفین کو اپنے دوستوں کی پسندیدگیاں اور کمنٹس سے متعلق نوٹیفکیشن فراہم کرے گا۔ جب کوئی صارف کسی ویڈیو یا پوسٹ پر لائیک کرے گا یا کمنٹ کرے گا تو ان کے دوستوں کو نوٹیفکیشن ملے گا کہ ان کے دوست نے کس پوسٹ پر کمنٹ کیا یا کس ویڈیو کو پسند کیا۔اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ پہلے ہر لائیک اور کمنٹ کا نوٹیفکیشن آتا تھا، لیکن اب یہ صرف ویڈیوز پر لائیک اور کمنٹس تک محدود ہوگا۔ انسٹاگرام کا مقصد صارفین کو اپنے دوستوں کی پسند اور ناپسند سے آگاہ کرنا ہے، تاکہ وہ ایک دوسرے کے پسندیدہ مواد سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں۔یہ فیچر انسٹاگرام اور فیس بک پر پہلے بھی موجود تھا، لیکن کچھ عرصے کے لیے اس کو محدود یا ختم کر دیا گیا تھا۔ اب اسے دوبارہ متعارف کرایا جا رہا ہے، حالانکہ بعض صارفین اس فیچر کو اپنی پرائیویسی کے خلاف سمجھتے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ ان کی پسندیدگیاں اور ناپسندیدگیاں دوسروں کو معلوم ہوں گی۔ یہ فیچر آہستہ آہستہ مختلف ممالک کے صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے۔
انسٹاگرام پر پرانے فیچر کو دوبارہ پیش کرنے کا اعلان
7