پشاور( اباسین خبر)خیبرپختونخوا حکومت نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے پر دوبارہ غور شروع کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، صوبائی حکومت نے پشاور ہائیکورٹ کو دو بار خطوط لکھے ہیں تاکہ جوڈیشل کمیشن قائم کیا جا سکے، تاہم ہائیکورٹ سے کوئی جواب نہ ملنے پر حکومت نے معاملہ دوبارہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اس بار بھی عدالت سے کوئی جواب نہ آیا تو حکومت خود کمیشن قائم کرے گی۔ اس ضمن میں مشاورت جاری ہے کہ تیسری درخواست دائر کی جائے یا پھر عدالت کو یاددہانی کے لیے خط لکھا جائے۔ اگر عدالت کی جانب سے مناسب جواب نہ ملا تو حکومت کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں، اور کمیشن کسی ریٹائرڈ جج پر مشتمل ہوگا۔دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے اس معاملے کو دوبارہ اٹھانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اس سے قبل محکمہ داخلہ کے ذریعے عدالت میں پٹیشن دائر کی تھی اور دوسری بار ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ذریعے درخواست دائر کی ہے، تاہم تاحال ان دونوں درخواستوں کا جواب نہیں آیا ہے۔
کے پی حکومت کا 9 مئی واقعات کی تحقیقات پر پھر جوڈیشل کمیشن بنانے پر غور
1