کو ئٹہ ( اباسین خبر)وزیر اعلی بلوچستان، میر سرفراز بگٹی نے عالمی اقتصادی فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کی جغرافیائی اور اقتصادی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جو 44 فیصد رقبے پر مشتمل ہے اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان عالمی برادری کے لیے ایک مثالی اقتصادی مرکز بن سکتا ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔اپنے خطاب میں، میر سرفراز بگٹی نے گوادر پورٹ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ سی پیک کا سنگ بنیاد ہے، جو اقتصادی ترقی کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ گوادر فری زون کو خصوصی اقتصادی زون کے طور پر سرمایہ کاروں کے لیے سازگار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے معدنی ذخائر، خاص طور پر ریکوڈک کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا۔وزیر اعلی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی زراعت اور ماہی گیری کے شعبے بھی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش ہیں۔ ان کی حکومت تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اور مقامی کمیونٹیز کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کر کے بلوچستان کے عوام کو ترقی کے ثمرات سے مستفید کیا جا رہا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ بلوچستان کے قدرتی وسائل اور اس کی بے مثال اقتصادی اہمیت سے فائدہ اٹھائیں، تاکہ صوبے کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان اور عالمی برادری کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
گوادر پورٹ اور ریکوڈک کے ذخائر سرمایہ کاری کے بے مثال مواقع پیش کرتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان
2