لاہور ( اباسین خبر)لاہور ہائیکورٹ نے کمرشل واٹر صارفین کا ٹیرف بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔ عدالت میں سموگ تدارک سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران واسا کے وکیل نے بتایا کہ واٹر میٹرز نصب کرنے کے لیے ایک شیڈول تیار کیا گیا ہے، جسے اکتوبر 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔ وکیل نے یہ بھی بتایا کہ واٹر میٹرز پہلے کمرشل مقامات پر لگائے جائیں گے۔ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کمرشل واٹر میٹر 2500 روپے میں فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے صارفین زیادہ پانی استعمال کر سکتے ہیں۔ عدالت نے اس بات پر ہدایت دی کہ ان کے ٹیرف کو بڑھایا جائے، اور تجویز دی کہ کمرشل مقامات کے ٹیرف کو 15،20 ہزار روپے تک کر دیا جائے۔عدالت نے اس موقع پر حکومت اور دیگر اداروں کی سموگ تدارک کے حوالے سے کوششوں کی تعریف کی اور ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔عدالتی معاون نے یہ بھی بتایا کہ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ نے مانگا منڈی کے قریب 600 ایکڑ اراضی روڈا کو دی تھی تاکہ وہاں پلانٹیشن کی جائے، لیکن ابھی تک ایک درخت بھی نہیں لگایا گیا۔ ممبر واٹر کمیشن نے بتایا کہ روڈا نے اس حوالے سے رپورٹ نہیں دی اور دیہاتی علاقوں میں کمرشلائزیشن کے نام پر کروڑوں روپے کے ٹیکس نوٹسز بھیجے جا رہے ہیں۔عدالت نے روڈا سے اس پر جواب طلب کرتے ہوئے اگلی پیشی میں جواب جمع کروانے کا حکم دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کا کمرشل واٹر صارفین کا ٹیرف بڑھانے کی ہدایت
36