ممبئی ( شوبز ڈیسک)جنوبی بھارتی انڈسٹری کے معروف اداکار اور کے جی ایف اسٹار یش کی کامیابی کا سفر کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ عالمی سطح پر شہرت حاصل کرنے والے یش نے کبھی چائے بیچ کر روزانہ صرف 50 روپے کمائے تھے، اور آج وہ بھارت کے صف اول کے اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔کے جی ایف کی دونوں فلموں نے مجموعی طور پر 1500 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کیا، جس کے باعث یہ کناڈا سینما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شامل ہو گئیں۔ لیکن یش کی کامیابی کا یہ سفر آسان نہیں تھا۔ وہ ایک بس ڈرائیور کے بیٹے تھے اور ان کی زندگی محنت اور جدوجہد سے بھری ہوئی تھی۔16 سال کی عمر میں یش نے اپنے والدین کو قائل کیا کہ وہ اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے گھر چھوڑ دیں۔ بنگلور پہنچنے کے بعد، شہر کی وسعت اور ماحول نے انہیں ڈرا دیا، مگر انہوں نے خود پر یقین رکھا۔ یش کے پاس صرف 300 روپے تھے اور وہ جانتے تھے کہ اگر واپس گئے تو والدین دوبارہ جانے کی اجازت نہیں دیں گے۔یش نے بنگلور میں چائے بیچنے اور دیگر چھوٹے کاموں سے روزانہ 50 روپے کمائے اور تھیٹر میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔ انہوں نے کالج بھی مکمل کیا اور نندا گوکلا جیسے ٹی وی سیریل میں کام کرنا شروع کیا، جہاں ان کی ملاقات ان کی مستقبل کی شریک حیات رادھیکا پنڈت سے ہوئی۔2007 میں یش نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور 2008 کی فلم راکی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہیں سب سے بڑی کامیابی مودلا سالا سے ملی، جس کے بعد کرتکا، موگینا ماناسو، ڈراما، گوگلی اور مسٹر اینڈ مسز رامچاری جیسی ہٹ فلموں نے انہیں ایک کامیاب اداکار بنا دیا۔2018 میں کے جی ایف: چیپٹر 1 نے باکس آفس پر 250 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا، اور کے جی ایف: چیپٹر 2 نے 2022 میں 1250 کروڑ روپے کا بزنس کرکے بھارتی سینما کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں اپنی جگہ بنائی۔کے جی ایف کی کامیابی نے یش کو عالمی سطح پر پہچان دلائی، اور اب وہ نتیش تیواری کی ایک بڑی بجٹ فلم میں اہم کردار ادا کرنے جا رہے ہیں، جس میں رنبیر کپور اور سائی پلوی بھی شامل ہیں۔ یش اس فلم کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں اور رپورٹس کے مطابق انہوں نے اس کے لیے 200 کروڑ روپے کا معاوضہ وصول کیا ہے۔
چائے بیچ کر 50 روپے روزانہ کمانے سے 200 کروڑ کی فلمیں کرنے والا بھارتی اداکار
2