پشاور( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ مذاکرات کا سلسلہ تب تک جاری نہیں رکھا جا سکتا جب تک کمیشن نہیں بنتا۔ پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل جاوید نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو دوبارہ 14 سال قید کی سزا دی گئی ہے، جبکہ بشری بی بی جو کہ ایک گھریلو خاتون ہیں، انہیں بھی سزا ہوئی۔ فیصل جاوید نے مزید کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں حکومت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور یہ کیس عدالت میں پھنس جائے گا، جس سے عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔سینیٹر فیصل جاوید نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کسی صورت ڈیل نہیں کریں گے اور کہا کہ پاکستان میں اعتماد کی کمی ہے، تاہم جب عمران خان جیل سے باہر آئیں گے تو ملک میں سرمایہ کاری کا آغاز ہوگا۔قبل ازیں، پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کی حفاظتی ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔
کمیشن بننے پر ہی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے: فیصل جاوید
2