واشنگٹن( مانیٹر نگ ڈیسک)امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 20 جنوری کو ہونے والی حلف برداری کی تقریب کے حوالے سے اہم تبدیلی سامنے آئی ہے۔ یہ تقریب، جو پہلے کانگرس کے کھلے میدان میں منعقد ہونے والی تھی، اب کانگرس کی بلڈنگ کے اندر روٹونڈا ایریا میں ہوگی۔روٹونڈا ایریا میں تقریبا 300 سے 800 افراد کے بیٹھنے یا کھڑے ہونے کی گنجائش ہے، جبکہ صدر ٹرمپ نے تقریب کے لیے 25 ہزار کے قریب مہمانوں کو دعوت دی ہے۔ اس کے علاوہ لاکھوں ٹرمپ سپورٹرز کو بھی اس تقریب کے لیے دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔سیکرٹ سروس نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں، اور نشستوں کے انتظامات میں بھی تبدیلی کی جا رہی ہے۔ صدر ٹرمپ نے حلف برداری کی تقریب کانگرس کی بلڈنگ کے اندر رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ سخت سردی کے اثرات سے بچا جا سکے۔ 20 جنوری کو واشنگٹن میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔تقریب میں صدر اور نائب صدر کے حلف اٹھانے کے بعد، کیپٹل ون ایرینا میں ایک خصوصی وکٹری تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں بڑی اسکرینوں کے ذریعے حاضرین اور سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا جائے گا۔ اس تقریب میں مہمانوں کا شاندار استقبال بھی کیا جائے گا۔یہ تبدیلی نہ صرف تقریب کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھے گی بلکہ مہمانوں اور شرکا کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی۔
سرد موسم کے پیش نظر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کا مقام تبدیل
8