کراچی (کامرس ڈیسک)نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) اور ڈی پی ورلڈ کی جوائنٹ وینچر کمپنی نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے کراچی سے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے پہلا تجارتی قافلہ روانہ کر دیا۔ یہ قافلہ متعدد تجارتی سامان پر مشتمل کنٹینرز پر مشتمل ہے اور دونوں اداروں کی باہمی شراکت داری کے نتیجے میں یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔کراچی میں اس تاریخی موقع پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سولیم نے وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے کارگو سروس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے سینئر حکام اور معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔سلطان احمد بن سولیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کا اشتراک پورے خطے میں رابطوں اور تجارت کو فروغ دینے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ایل سی کی خطے میں موجودہ حیثیت اور ڈی پی ورلڈ کی عالمی سطح پر موجودگی سے بے شمار کاروباری مواقع پیدا ہوں گے، جس سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور کاروبار میں آسانی پیدا ہوگی، جس سے ترسیل کی لاگت اور وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔ڈی جی این ایل سی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے علاقائی تجارت پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے اور خطے کی کاروباری برادری کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترسیل کا مربوط نظام اور بلا رکاوٹ تجارت پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پہلا تجارتی قافلہ کراچی سے وسطی ایشیا کیلیے روانہ
1