لاہور(اباسین خبر)لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے ملزم کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت، عدالت نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں خاتون کا زخم 15 سینٹی میٹر لمبا اور چھ انچ گہرا تھا، اور سوال کیا کہ “کیا یہ خاتون بچ گئی ہے؟”مضروب خاتون کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خاتون کو اللہ کی کرم سے نئی زندگی ملی ہے۔ اس پر عدالت نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ ضمانت کس بنیاد پر مانگ رہے ہیں اور کیا چالان جمع ہو چکا ہے؟خاتون کے وکیل نے بتایا کہ چالان جمع ہو چکا ہے اور ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔ عدالت نے اس پر ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ کو جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کی جا سکتی ہے، تاہم ضمانت نہیں مل سکتی۔خاتون کے وکیل نے مزید کہا کہ ملزم عمران قصاب ہے اور اس نے کرایہ نہ بڑھانے اور دکان خالی کروانے پر خاتون پر حملہ کیا، جبکہ ملزم نے خاتون کے خاوند پر بھی حملہ کیا جس سے وہ بھی زخمی ہوا۔بعد ازاں، عدالت نے ٹرائل کورٹ کو دو ماہ میں کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی
4