پشاور( اباسین خبر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملٹری کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وہ آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے خواہاں ہیں، اور سپریم کورٹ کا سویلینز کے کیسز ملٹری کورٹ میں سننے کا فیصلہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کی جانب سے ان پر درج مقدمات پر بھی افسوس ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ یورپی یونین اور یورپ نے بھی فوجی عدالتوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے 9 مئی اور 24 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں کارکنان کے ساتھ سلوک اور گرفتار افراد کی رہائی پر بات کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور عمران خان کے خلاف مقدمات انتقامی ہیں۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے اور پی ٹی آئی کے کسی کارکن نے تشدد نہیں کیا۔ ہماری جدوجہد آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے۔
ملٹری کورٹ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات ہیں: اسد قیصر
2