اسلام آباد( اباسین خبر)نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو آپریشنل کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 30 دسمبر کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور افتتاحی کمرشل پرواز قومی ایئرلائن پی آئی اے چلائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادر ایئرپورٹ کو فعال کرنے کے لیے قومی ایئرلائنز کی انتظامیہ اور ایئرپورٹس اتھارٹی کے حکام کے درمیان پانچ گھنٹے تک طویل اجلاس ہوا، جس میں ایئرپورٹ کی فعالیت سے متعلق اہم معاملات طے پا گئے ہیں۔ پی آئی اے آئندہ چند روز میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے عملے کو تعینات کرے گا۔ایئرپورٹ کی فعالیت کے لیے پی آئی اے چیک ان کے لیے کمپیوٹرز سمیت دیگر اہم سامان فراہم کرے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک سال تک قومی ایئرلائنز سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ ایئرپورٹس اتھارٹی نے ایئرپورٹ چارجز کے حوالے سے پی آئی اے حکام کو یقین دہانی کرائی ہے۔یاد رہے کہ گوادر میں چین کی 246 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ تعمیر کیا گیا ہے۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 30 دسمبر کو فعال کرنے کا فیصلہ
6