دمشق( مانیٹرنگ ڈیسک)شام کے وزیر ٹرانسپورٹ بہا الدین شرم نے کہا کہ دمشق ایئرپورٹ پر ایک ہفتے میں پروازوں کی آمد شروع ہو جائے گی۔مقامی میڈیا کے مطابق شام کے وزیر ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے دمشق کے ہوائی اڈے پر تمام کارکنوں کو کام پر واپس آنے کو کہا ہے۔ ہوائی اڈے نے اس سے قبل پائلٹوں کو پروازوں کی حفاظت کے لیے نوٹم نوٹس جاری کیا تھا جس میں 18 دسمبر تک تمام پروازوں کی منسوخی کی تصدیق کی گئی تھی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نوٹس کے متن میں کہا گیا تھا کہ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی تمام پروازیں 18 دسمبر تک معطل کر دی گئی تھیں۔دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر انیس فلوح نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد شامی دارالحکومت کے ہوائی اڈے سے تمام پروازیں بند کر دی گئی تھیں، تاہم اب ہوائی اڈہ چند دنوں میں آپریشنز دوبارہ شروع کر دے گا۔
دمشق ایئرپورٹ پر ایک ہفتے میں پروازوں کی آمد شروع ہوجائیگی: شامی وزیر ٹرانسپورٹ
5