اسلام آباد( اباسین خبر)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے، اور گزشتہ سات ماہ میں کئی غیر ملکی وفود نے پاکستان کا دورہ کیا۔ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی پاکستان کے لیے خوشخبری ہے، جبکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔تحریک انصاف کے احتجاج اور اس کے بعد کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر پرانی وڈیوز اور تصاویر چلا کر جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ بشری بی بی کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور پی ٹی آئی والے سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ کا بھی جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس میں بلیو ایریا کی سڑک کو “خون آلود” دکھایا گیا تھا، لیکن جب انہوں نے وہاں جاکر ویڈیو بنائی تو وہاں خون کا کوئی دھبہ بھی نہیں تھا۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ابھی تک تین دن گزر چکے ہیں لیکن پی ٹی آئی کوئی ایک تصویر یا ویڈیو پیش نہیں کر سکی، جس میں فائرنگ کا کوئی ثبوت ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماں کی جانب سے مظاہرین کی ہلاکتوں کے متضاد اعداد و شمار کے دعوے کیے گئے، مگر پمز اور پولی کلینک ہسپتالوں کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کوئی لاش نہیں لائی گئی۔
ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی کسی صورت اجازت نہیں: عطاء تارڑ
17