شی جن پنگ نے ٹرمپ کو ژونگ نان ہائی باغات کا خصوصی دورہ کرایا

2 گھنٹے قبل
شی جن پنگ نے ٹرمپ کو ژونگ نان ہائی باغات کا خصوصی دورہ کرایا

بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بیجنگ کے انتہائی حساس اور تاریخی حکومتی کمپاؤنڈ ژونگ نان ہائی کا دورہ کرایا، جو چین کی اعلیٰ قیادت کا مرکزی مقام سمجھا جاتا ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کمپاؤنڈ کے تاریخی باغات میں وقت گزارا، قدیم درختوں اور پھولوں کا مشاہدہ کیا اور دوپہر کا کھانا بھی وہیں ساتھ کھایا۔یہ مقام عام طور پر غیر ملکی رہنماؤں کیلئے بند سمجھا جاتا ہے، تاہم اس خصوصی دورے کو سفارتی طور پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ یہ دعوت انہوں نے امریکی صدر کو 2017 میں مار-اے-لاگو میں دی گئی دعوت کے جواب میں دی ہے۔ژونگ نان ہائی صدیوں پرانا شاہی باغ ہے جو بعد میں چینی کمیونسٹ قیادت کا مرکز بن گیا، جہاں ماضی میں ماؤ زے تنگ، چو این لائی اور ڈینگ شیاؤ پنگ جیسے رہنما بھی مقیم رہے ہیں۔دورے کے دوران چینی صدر نے امریکی صدر کو 490 سال پرانے درخت بھی دکھائے، جبکہ بعض درخت ایک ہزار سال سے زائد پرانے بتائے جاتے ہیں۔صدر ٹرمپ نے اس موقع پر ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ جگہ بہت پسند آئی۔ماہرین کے مطابق یہ ملاقات محض سفارتی روایت نہیں بلکہ امریکا اور چین کے درمیان تعلقات میں ذاتی اور سیاسی قربت کی علامت بھی ہے۔