وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی منظوری، توانائی ترسیل کا نظام مزید مضبوط ہوگا
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت سے پاکستان میں توانائی کی فراہمی اور تیل کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے ماچھیکے، تھلیاں اور تارو جبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے، جو ملک کے جنوبی اور شمالی علاقوں کے درمیان تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم اور تزویراتی راہداری فراہم کرے گا۔حکام کے مطابق اس منصوبے سے ایندھن کی ترسیل کا نظام زیادہ مؤثر ہوگا، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئے گی اور ملکی توانائی تحفظ کو مزید تقویت ملے گی۔اس کے علاوہ منصوبہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بھی بنے گا۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔