بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، ویسٹ انڈیز کو اہم کھلاڑیوں کی کمی
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز نے رواں ماہ بنگلادیش کے خلاف شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اپنے دستے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم ٹیم کو چند اہم کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق فاسٹ بولر الزاری جوزف طبی مسائل کے باعث دستے سے باہر ہوگئے ہیں، جبکہ عمدہ فارم میں موجود محدود اوورز کی کرکٹ کے کپتان شائے ہوپ کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مطابق طبی معائنے اور ماہرین سے مشاورت کے بعد الزاری جوزف کو طویل دورانیے کی کرکٹ سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ طویل اسپیلز کے باعث ان کے انجری کا شکار ہونے کے خدشے کو کم کیا جاسکے۔ ان کی جگہ آل راؤنڈر کیمو پال کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔دوسری جانب 23 سالہ بلے باز کیون وِکھم پہلی مرتبہ ٹیسٹ دستے کا حصہ بنے ہیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز چیمپئن شپ میں بارباڈوس کی نمائندگی کرتے ہوئے مسلسل تین اننگز میں سنچریاں بنا کر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔اوپننگ بلے باز جان کیمبل بھی ہیمسٹرنگ کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔شائے ہوپ کو تینوں طرز کی کرکٹ میں مسلسل مصروفیت کے بعد آرام دیا گیا ہے، تاکہ وہ آئندہ اہم مقابلوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہ سکیں۔بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 اکتوبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ 5 نومبر سے سلہٹ میں شروع ہوگا۔یہ سیریز ویسٹ انڈیز کی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025ء تا 2027ء میں آخری سیریز ہوگی۔