کرسٹیانو رونالڈو پر 30 روزہ پابندی، 255 یورو جرمانہ بھی عائد
لزبن (سپورٹس ڈیسک) پرتگال فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے کیمپ سے روانگی اور کوچ جارجے جیسس کے ساتھ اختلافات کے معاملے پر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر 30 روزہ پابندی عائد کردی، جبکہ فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل نے ان پر 255 یورو جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رونالڈو رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ میچ سے قبل کوپن ہیگن میں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ میں انہیں میدان میں اتارنے کے بجائے متبادل کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا۔رونالڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ کوچ جارجے جیسس نے ان کے کھیل سے متعلق دو مرتبہ اپنا وعدہ پورا نہیں کیا، تاہم کوچ نے کسی معاہدے کی تردید کی تھی۔ اس کے باوجود پرتگال کی 2-1 سے کامیابی کے بعد انہوں نے رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکان کو مسترد نہیں کیا تھا۔پرتگال فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل کے مطابق رونالڈو نے جان بوجھ کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ اس معاملے میں کارروائی 9 اکتوبر کو شروع کی گئی تھی، جبکہ واقعے سے متعلق رپورٹ دو روز قبل سامنے آئی تھی۔فیڈریشن نے اپنے بیان میں واضح نہیں کیا کہ 30 روزہ پابندی کن میچوں یا سرگرمیوں پر لاگو ہوگی اور آیا عارضی پابندی کے تحت پہلے گزارا گیا وقت بھی اس میں شمار کیا جائے گا یا نہیں۔رونالڈو ناروے کے خلاف میچ کے بعد شائقین کا شکریہ ادا کیے بغیر اور ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑ کر کیمپ سے روانہ ہونے پر معذرت کرچکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ سزا پوری کرنے کے بعد وہ قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا کا کہنا ہے کہ معاملہ حل ہونے کے بعد فیڈریشن میں ہر کوئی رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کا خواہاں ہے۔رونالڈو نے کیمپ چھوڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوچ نے انہیں بیرون ملک میچز نہ کھیلنے کا مشورہ دیا، لیکن انہوں نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ ان کے مطابق ناروے کے خلاف میچ میں انہیں 30 منٹ کھیلنے کا کہا گیا تھا، تاہم بعد میں میدان میں بلایا ہی نہیں گیا۔ رونالڈو نے دعویٰ کیا کہ کوچ نے اپنا وعدہ توڑا اور 48 گھنٹے بعد میڈیا کے سامنے اصل صورت حال بیان کرنے پر اتفاق ہوا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں طے شدہ باتوں کے برعکس بیان دیا گیا۔ قومی ٹیم چھوڑنے پر ساتھی کھلاڑیوں سے معذرت کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا تھا کہ پابندی ختم ہونے کے بعد اگر وہ فٹ ہوئے تو پرتگال کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے۔کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے اور سب سے زیادہ میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 2003 میں قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ وہ حال ہی میں یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ موجودہ سال ممکنہ طور پر ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سال ہوسکتا ہے۔