بلوچستان میں موسم نے کروٹ لی، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
کوئٹہ ( اباسین خبر) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسم نے تبدیلی اختیار کرلی ہے، کوئٹہ، قلات، مستونگ اور نوشکی میں گرمی کی شدت کم ہونے لگی جبکہ موسمِ خزاں کے آغاز کے ساتھ رات اور صبح کے اوقات میں خنکی بڑھ گئی ہے۔قلات میں سردی کی پہلی لہر کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سرد ہواؤں کے باعث دن کے وقت بھی ٹھنڈک محسوس کی جا رہی ہے۔موسم میں تبدیلی کے ساتھ شہریوں نے گرم چادروں، کوٹ اور سویٹرز کا استعمال شروع کردیا ہے، جبکہ گرم ملبوسات کی خریداری کے لیے بازاروں میں شہریوں کی آمد بھی بڑھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سائبیرین ہواؤں کے اثرات کے باعث بلوچستان کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ قلات اور ملحقہ علاقوں میں تیز اور سرد ہوائیں چلنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ساون کے اختتام کے بعد موسمِ خزاں کا آغاز ہوچکا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آ رہی ہے۔ بلوچستان کے مختلف میدانی اور پہاڑی علاقوں میں راتیں سرد ہونا شروع ہوگئی ہیں جبکہ صبح اور شام کے اوقات میں خنکی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔