میر رضا قتل کیس، جوڈیشل کمیشن کی مدت میں توسیع کا فیصلہ مؤخر
کراچی( اباسین خبر)میر رضا علی کے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مدت ختم ہونے کے بعد اس کی کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی، جبکہ کمیشن کی مدت میں توسیع سے متعلق فیصلہ تاحال نہیں ہو سکا۔جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کمیشن کی مدت گزشتہ روز ختم ہوگئی ہے۔ کمیشن نے مدت میں 15 اکتوبر تک توسیع کے لیے سندھ حکومت کو درخواست بھیجی تھی۔سندھ حکومت کے فوکل پرسن نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ مدت میں توسیع کی سمری وزیراعلیٰ نے منظور کرلی ہے اور اسے حتمی فیصلے کے لیے سندھ کابینہ کو ارسال کردیا گیا ہے۔تحریری حکم نامے کے مطابق سندھ کابینہ کا اجلاس یکم اکتوبر کو متوقع ہے، اس لیے کمیشن کی کارروائی 2 اکتوبر تک ملتوی کرنا مناسب ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر سندھ کابینہ نے کمیشن کی مدت میں توسیع نہ کی تو مزید گواہان کو طلب نہیں کیا جائے گا اور اب تک ریکارڈ کیے گئے بیانات کی بنیاد پر رپورٹ جلد مرتب کرکے جمع کرا دی جائے گی۔کمیشن کی مدت بڑھانے کی صورت میں گواہان کو دوبارہ نوٹس جاری کیے جائیں گے، جبکہ 3 سینئر پولیس افسران کو بھی سوالنامے ارسال کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن ایک ماہ کے لیے تشکیل دیا گیا تھا اور اس کی مدت 27 ستمبر کو ختم ہوگئی تھی۔