ماسکو ( مانیٹرنگ ڈیسک) روس اور سعودی عرب کے درمیان شہریوں کے لیے بغیر ویزا سفر کا معاہدہ گیارہ مئی دو ہزار چھبیس سے نافذ العمل ہو جائے گا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔یہ معاہدہ یکم دسمبر دو ہزار پچیس کو ریاض میں طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے کے ہاں بغیر ویزا داخل ہو سکیں گے۔معاہدے کے مطابق روسی شہری سعودی عرب میں ایک سال کے دوران زیادہ سے زیادہ نوے دن تک قیام کر سکیں گے، تاہم انہیں اس دوران ملازمت، تعلیم یا مستقل رہائش کی اجازت نہیں ہوگی۔اسی طرح کام، تعلیم، مستقل رہائش یا حج و عمرہ کی ادائیگی کے لیے سفر کرنے والوں کو بدستور ویزا حاصل کرنا ہوگا۔یہی سہولت سعودی شہریوں کو بھی روس کے سفر کے لیے فراہم کی جائے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور سیاحت کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔