ممبئی( سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی سے متعلق ان کے سابق ساتھی اور آئی پی ایل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلورو کے کھلاڑی لیام لیونگسٹن نے ان کی نجی زندگی کے بارے میں دلچسپ باتیں شیئر کی ہیں۔ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے لیونگسٹن نے کہا کہ ویرات کوہلی میدان کے باہر ایک نہایت پرسکون، خاندانی اور دوستانہ مزاج کے حامل انسان ہیں، تاہم میدان میں داخل ہوتے ہی وہ انتہائی جارح مزاج اور سخت مقابلہ کرنے والے کھلاڑی بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوہلی بھارت میں حاصل ہونے والی غیر معمولی شہرت اور ہر وقت میڈیا اور عوام کی توجہ کے دباؤ کو زیادہ پسند نہیں کرتے۔ ان کے مطابق کوہلی ایسی زندگی کے خواہش مند نہیں تھے جو انہیں مسلسل عوامی نظروں میں رکھتی ہے، کیونکہ وہ ایک پُرسکون اور آزاد ماحول میں رہنا چاہتے ہیں۔لیونگسٹن کے مطابق ویرات کوہلی اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں اور سفر اور گھومنے پھرنے کے شوقین ہیں، تاہم مسلسل شہرت اور کیمروں کی نظر میں رہنا ان کے لیے ایک چیلنج بن جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوہلی کی ہر حرکت پر میڈیا اور عوام کی نظر رہتی ہے، جس کی وجہ سے انہیں مسلسل غیر معمولی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی پس منظر میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے بعض فیصلے بھی کیے، جن میں خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی ترجیحات شامل ہیں۔
ویرات کوہلی کی نجی زندگی اور شہرت کے دباؤ پر سابق ساتھی کا دلچسپ انکشاف
12 گھنٹے قبل