امریکا کا اسرائیل اور لبنان کے درمیان براہِ راست مذاکرات پر زور

2 گھنٹے قبل
امریکا کا اسرائیل اور لبنان کے درمیان براہِ راست مذاکرات پر زور

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان براہِ راست مذاکرات اور اعلیٰ سطحی ملاقات پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ممکنہ رابطے کی تجویز پیش کی ہے۔بیروت میں امریکی سفارت خانے کے جاری بیان کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے، جس میں اسرائیلی وزیرِاعظم اور لبنانی صدر کے درمیان ملاقات بھی شامل ہو سکتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مجوزہ ملاقات کے ذریعے لبنان کو اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت، محفوظ سرحدوں، انسانی امداد اور تعمیر نو کے حوالے سے ٹھوس ضمانتیں حاصل کرنے کا موقع مل سکتا ہے، جبکہ لبنانی ریاستی اداروں کی مکمل بحالی بھی ممکن ہے۔امریکی سفارت خانے نے مزید کہا کہ امریکا اس عمل میں لبنان کے ساتھ کھڑا ہونے کے لیے تیار ہے اور اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں رہی۔دوسری جانب عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق لبنانی حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ صدر جوزف عون نے فی الحال اسرائیلی وزیرِاعظم سے براہِ راست بات چیت کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔