امریکی سینیٹر ایڈورڈ مارکی کی ڈائریکٹر ورلڈ بوسٹن شاہد خان سے ملاقات، امن عمل کیلئے خراجِ تحسین

4 گھنٹے قبل
امریکی سینیٹر ایڈورڈ مارکی کی ڈائریکٹر ورلڈ بوسٹن شاہد خان سے ملاقات، امن عمل کیلئے خراجِ تحسین

بوسٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینیٹر ایڈورڈ جے مارکی نے ورلڈ افیئرز کونسل آف بوسٹن کے بورڈ رکن شاہد خان سے ملاقات کی اور مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے تنظیم کی کاوشوں کو سراہا۔یہ ملاقات شاہد خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب کے دوران ہوئی، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور بین الثقافتی ہم آہنگی، سفارتی روابط اور مکالمے کے فروغ کے لیے تنظیم کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں جیمز ڈی ویلس، جو ہائنس، سارا سبلی، چارلیز سیٹسکی سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں، جنہوں نے عالمی امن کے لیے جاری سرگرمیوں کی تعریف کی۔سینیٹر مارکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ورلڈ بوسٹن جیسی تنظیمیں دیرپا امن کے لیے ضروری روابط اور ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جبکہ انہوں نے تنظیم کی قیادت کی کمیونٹی سطح پر سفارت کاری کے فروغ کی کوششوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر شاہد خان نے سینیٹر کے دورے اور تنظیم کی خدمات کے اعتراف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہری شمولیت اور باہمی احترام پر مبنی مکالمہ منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جیمز ڈی ویلس نے کہا کہ ان کی تنظیم مختلف برادریوں اور نقطہ نظر رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ بوسٹن ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جو تعلیمی پروگراموں، عوامی فورمز اور بین الثقافتی شراکت داریوں کے ذریعے عالمی فہم اور شہری شمولیت کو فروغ دے رہا ہے اور گریٹر بوسٹن کو دنیا سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔