ایران سے متعلق کشیدگی جلد ختم ہونے کی امید، امریکی صدر کا دعویٰ

14 گھنٹے قبل
ایران سے متعلق کشیدگی جلد ختم ہونے کی امید، امریکی صدر کا دعویٰ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال بہت جلد ختم ہو جائے گی، اور امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔امریکی ایوان صدر میں قانون سازوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت معاہدہ کرنا چاہتا ہے کیونکہ وہ موجودہ صورتحال سے تھک چکا ہے۔صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا اس تنازع کو جلد ختم کرنے کے لیے کوشش کر رہا ہے اور ایران کو جوہری صلاحیت حاصل کرنے سے ہر صورت روکا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے اس معاملے میں مؤثر اقدامات کیے ہیں اور امید ہے کہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کی کوشش ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکا جائے تاکہ خطے میں کشیدگی مزید نہ بڑھے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں ری پبلکن اکثریت نے ایک قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے، جس کا مقصد ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کو کانگریس کی واضح منظوری سے مشروط کرنا ہے۔ اس قرارداد کے تحت صدر کو ایران کے خلاف جنگی اقدامات جاری رکھنے کے لیے کانگریس سے باقاعدہ اجازت لینا ہوگی۔دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال بدستور غیر یقینی بنی ہوئی ہے، جبکہ عالمی برادری خطے میں جنگ کے دائرہ کار میں ممکنہ اضافے پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔