امریکی اخبارکاعراق میں اسرائیل کے خفیہ فوجی اڈوں کے انکشاف کا دعویٰ

1 دن قبل
امریکی اخبارکاعراق میں اسرائیل کے خفیہ فوجی اڈوں کے انکشاف کا دعویٰ

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل نے عراق کے مغربی صحرائی علاقے میں کم از کم دو خفیہ فوجی اڈے قائم کر رکھے تھے، جنہیں ایران کے خلاف مبینہ فوجی کارروائیوں کے دوران استعمال کیا جاتا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ اڈے دو ہزار پچیس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بارہ روزہ کشیدگی کے دوران بھی فعال رہے اور حالیہ صورتحال میں بھی ان کے استعمال کے شواہد سامنے آئے ہیں۔اخبار کے مطابق ان میں سے ایک خفیہ مقام کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک عراقی چرواہا اتفاقیہ طور پر اس علاقے تک پہنچ گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس نے وہاں فوجی اہلکاروں، ہیلی کاپٹروں اور ایک عارضی فضائی پٹی کا مشاہدہ کیا۔چرواہے نے مبینہ طور پر یہ معلومات عراقی فوجی حکام تک پہنچائیں، جس کے بعد فوج نے علاقے میں ایک تحقیقاتی ٹیم روانہ کی۔ تاہم رپورٹ کے مطابق اس ٹیم پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک عراقی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے جبکہ سرکاری گاڑیاں بھی نقصان کا شکار ہوئیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ابتدا میں عراقی حکام نے اس واقعے کو غیر ملکی فورسز کی کارروائی قرار دیا، تاہم بعد میں امریکی فوج سے رابطے کے بعد بتایا گیا کہ اس کارروائی میں امریکی فورسز ملوث نہیں تھیں، جس کے بعد شبہ اسرائیل پر ظاہر کیا گیا۔ماہرین کے مطابق اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ مشرق وسطیٰ میں پہلے سے جاری کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔