واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان فوری جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔واشنگٹن میں ہونے والے چوتھے سہ فریقی مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے آئندہ مذاکرات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اگلا دورِ مذاکرات 22 جون کو منعقد ہوگا، جس میں معاہدے کے نفاذ اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت جنوبی لبنان میں غیرریاستی مسلح عناصر کی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی جبکہ مخصوص علاقوں میں پائلٹ زونز قائم کیے جائیں گے جن کا کنٹرول لبنانی فوج کے پاس ہوگا۔امریکی حکام کے مطابق حزب اللہ کو بعض جنوبی علاقوں سے انخلا اور حملے روکنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ خطے میں صورتحال کو مستحکم بنایا جا سکے۔دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ کارروائیوں سے گریز کریں گے اور جامع امن معاہدے کی طرف پیش رفت جاری رکھیں گے۔
امریکا کی ثالثی: اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق
2 گھنٹے قبل