واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے مجوزہ معاہدے کو جمعے سے قبل ہی عوام کے سامنے جاری کرنے پر غور کر رہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دونوں ممالک کی قیادت نے معاہدے پر ابتدائی طور پر الیکٹرانک دستخط کر دیے ہیں، جبکہ باضابطہ دستخط کی تقریب جمعے کے روز متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ معاہدے کی بعض تفصیلات ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکیں، تاہم اہم نکات پر فریقین کے درمیان اتفاق رائے قریب ہے۔نائب صدر کے مطابق صدر ٹرمپ معاہدے کی تفصیلات جلد عوام کے سامنے لانے پر غور کر رہے ہیں تاکہ عالمی برادری کو پیش رفت سے آگاہ کیا جا سکے۔رپورٹس کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک خطے میں کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے ایک جامع فریم ورک پر کام کر رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاہدہ نافذ ہو جاتا ہے تو اس کے عالمی معیشت، توانائی منڈیوں اور خطے کی صورتحال پر اہم اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔