امریکی عدالت کا حکم، وائٹ ہاؤس نے صحافیوں کی رسائی بحال کردی
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وفاقی جج ٹم کیلی کے حکم کے بعد وائٹ ہاؤس نے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کے صحافیوں کی رسائی بحال کردی۔جج ٹم کیلی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تینوں اداروں پر عائد پابندی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے 14 روز کیلئے معطل کیا تھا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ صحافیوں کے پریس اجازت نامے منسوخ کرنا آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے پابندی کو قومی سلامتی کے خدشات سے جوڑا تھا، تاہم جج نے اس مؤقف کی حمایت میں پیش کیے گئے شواہد پر سوالات اٹھائے۔عدالتی حکم کے باوجود بعض صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روکے جانے اور پولیٹیکو کے ایک رپورٹر کا اجازت نامہ ضبط کیے جانے پر تینوں اداروں نے فوری سماعت کی درخواست کی۔بعد ازاں وائٹ ہاؤس نے متاثرہ صحافیوں کے اجازت نامے واپس کردیے اور دوپہر تک ان کی رسائی بحال کردی۔