امریکا اور اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی:عباس عراقچی

2 گھنٹے قبل
امریکا اور اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی:عباس عراقچی

نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے برکس وزرائے خارجہ اجلاس میں امریکا اور اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی غنڈہ گردی کو تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکنے کا وقت آ چکا ہے۔عباس عراقچی دو روزہ برکس وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے نئی دہلی پہنچے جہاں بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ان کا استقبال کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے برکس ممالک پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کی کھل کر مذمت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کو ہوا دی۔انہوں نے کہا کہ ایران سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، تاہم اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کے دفاع سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق کسی بھی تنازع کا فوجی حل ممکن نہیں، ایرانی قوم دباؤ، دھمکیوں اور بیرونی جارحیت کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گی۔انہوں نے مغربی ممالک کی خاموشی پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کا رویہ امریکا اور اسرائیل کو استثنیٰ کا احساس دلا رہا ہے، جو خطے کے امن کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہونے سے روکنا ہوگا کیونکہ خطے میں عدم استحکام کسی ایک ملک نہیں بلکہ تمام فریقوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔