دبئی( سپورٹس ڈیسک)متحدہ عرب امارات نے کرکٹ کے میدان میں ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے پانچ غیر ملکی کھلاڑیوں کو باقاعدہ شہریت دے دی ہے۔کرکٹ ذرائع کے مطابق خزیمہ تنویر، اجے کمار، اکشدیپ ناتھ، ہرپریت بھاٹیا اور ادیب عثمانی کو نیچرلائزیشن کے ذریعے شہریت دی گئی ہے، جس کے بعد یہ کھلاڑی پہلی مرتبہ بطور شہری اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہو گئے ہیں۔اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں مختلف کھیلوں جیسے فٹبال، رگبی اور جوڈو کے کھلاڑیوں کو 2018 کے صدارتی فیصلے کے تحت شہریت دی جا چکی ہے، تاہم کرکٹ کے میدان میں یہ پہلا موقع ہے کہ کھلاڑیوں کو باقاعدہ شہری حیثیت دی گئی ہو۔ اب تک کرکٹ ٹیم زیادہ تر ایسے غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل رہی ہے جو بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے رہائشی قواعد کے تحت ٹیم کا حصہ بنتے تھے۔یہ پانچوں کھلاڑی اس وقت 17 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں جو نیپال میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز اور ایک ون ڈے سہ ملکی سیریز میں شرکت کر رہا ہے۔اجے کمار نے اپنے بیان میں کہا کہ جب وہ متحدہ عرب امارات آئے تھے تو اسی وقت ان کا خواب تھا کہ وہ اس ملک کی نمائندگی کریں، اور اب وہ خواب حقیقت بن گیا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ اور سپورٹ اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ نے ان کی بہت مدد کی۔
متحدہ عرب امارات نے پانچ کرکٹرز کو شہریت دے کر کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کر دیا
1 گھنٹے قبل