اقوام متحدہ رپورٹ: افغان طالبان کے بعض اہلکاروں پر خواتین سے بدسلوکی اور جنسی تشدد کے الزامات

3 گھنٹے قبل
اقوام متحدہ رپورٹ: افغان طالبان کے بعض اہلکاروں پر خواتین سے بدسلوکی اور جنسی تشدد کے الزامات

کابل ( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارے (یوناما) کی ایک حالیہ رپورٹ میں افغان طالبان کے بعض اہلکاروں اور جنگجوؤں پر خواتین کے خلاف سنگین نوعیت کے الزامات سامنے آئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران 21 ایسے کیسز دستاویزی شکل میں سامنے آئے ہیں جن میں 15 خواتین اور 6 لڑکیوں کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی تشدد اور بدسلوکی کے واقعات شامل ہیں۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق یوناما کی دستاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بعض طالبان اہلکاروں پر خواتین کی جبری شادیوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں، جبکہ احتجاج کرنے والی خواتین کو حراست میں لے کر مبینہ طور پر تشدد اور بدسلوکی کا نشانہ بنانے کے واقعات بھی رپورٹ کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں ان تمام واقعات کی آزاد اور شفاف تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔افغانستان کی قومی سلامتی کے ادارے کے سابق سربراہ رحمت اللہ نبیل نے بھی ان الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان میں انسانی حقوق اور بالخصوص خواتین کے حقوق کی صورتحال پر پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔