سینٹ پیٹرزبرگ میں یوکرینی ڈرون حملے، اقتصادی فورم کے دوران سیاہ دھوئیں کے بادل

2 گھنٹے قبل
سینٹ پیٹرزبرگ میں یوکرینی ڈرون حملے، اقتصادی فورم کے دوران سیاہ دھوئیں کے بادل

سینٹ پیٹرزبرگ( مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں یوکرینی ڈرون حملوں کے بعد مختلف علاقوں سے سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دیا، جبکہ اسی دوران شہر میں اہم سالانہ اقتصادی فورم کا آغاز بھی ہو چکا ہے جس میں دنیا بھر سے ہزاروں مندوبین شریک ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین نے سینٹ پیٹرزبرگ کے آئل ٹرمینل اور کرونشٹاڈ بحری اڈے کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی حکام کا دعویٰ ہے کہ حملوں کے دوران ایک روسی جنگی جہاز کو بھی نقصان پہنچا۔سینٹ پیٹرزبرگ کے گورنر کے مطابق حملوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ بعض تنصیبات کو نقصان پہنچا، تاہم ہلاکتوں کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔روسی حکام نے حملوں کے جواب میں مناسب ردعمل دینے کا عندیہ دیا ہے۔دوسری جانب یوکرین کے صدر نے ان کارروائیوں کو روسی حملوں کے جواب میں منصفانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حملے جاری رہے تو مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔یوکرینی حکام کے مطابق ان حملوں کا ایک مقصد سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کے آغاز کو متاثر کرنا بھی تھا، جو تین روز تک جاری رہے گا اور ماضی میں اسے روسی معیشت کا اہم عالمی پلیٹ فارم سمجھا جاتا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق فورم کے قریب بھی دھواں دیکھا گیا، جبکہ روسی صدر کی اہم تقریر جمعہ کو متوقع ہے۔2022 میں یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد یہ فورم روس کی بین الاقوامی سطح پر تنہائی کی علامت سمجھا جا رہا ہے، جہاں اب زیادہ تر روسی اتحادی ممالک کے نمائندے شریک ہوتے ہیں۔