اباسین خبر

برطانیہ میں فلسطین ایکشن پر پابندی برقرار، انسانی حقوق تنظیموں کا سخت ردعمل

برطانیہ میں فلسطین ایکشن پر پابندی برقرار، انسانی حقوق تنظیموں کا سخت ردعمل

لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کی عدالت کی جانب سے فلسطین ایکشن تنظیم پر عائد پابندی برقرار رکھنے کے فیصلے پر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔برطانوی کورٹ آف اپیل نے حکومت کے اس فیصلے کو برقرار رکھا ہے جس کے تحت فلسطین ایکشن کو ایک ممنوعہ تنظیم قرار دیا گیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے بعد انسانی حقوق کے کارکنوں اور تنظیموں نے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ہیومن رائٹس واچ نے اس فیصلے کو تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک احتجاجی گروپ کو ممنوعہ قرار دینے سے ایسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جس میں پرامن اظہار رائے یا حمایت پر بھی قانونی کارروائی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔تنظیم کے مطابق احتجاج اور سیاسی اظہار کو سخت قوانین کے دائرے میں لانا جمہوری اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے خطرناک مثال بن سکتا ہے۔اسی طرح ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کا اس نوعیت میں استعمال بنیادی آزادیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔تنظیموں نے اس فیصلے پر نظرثانی اور اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ پر زور دیا ہے۔