واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران واقعی معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور یہ ممکنہ ڈیل امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے ساتھ ایک مضبوط اور بہتر معاہدہ ممکن ہے، تاہم ان کے مطابق سیاسی مخالفین کی مسلسل تنقید مذاکراتی عمل کو متاثر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس اور بعض ریپبلکن رہنما غیر ضروری دباؤ ڈال رہے ہیں، جس کی وجہ سے پالیسی سازی اور فیصلوں میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ یہ معاملہ بالآخر مثبت انداز میں حل ہو جائے گا۔اپنی ایک اور پوسٹ میں امریکی صدر نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے ایران سے متعلق معاہدے کے بارے میں غلط رپورٹنگ کی۔ ان کے مطابق معاہدے میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور جوہری امور اس معاہدے کا مرکزی حصہ ہیں۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ معاہدہ تفصیلی اور مضبوط ہے، جس میں زیادہ تر توجہ جوہری معاملات پر دی گئی ہے۔ انہوں نے سی این این کی ساکھ پر بھی سوال اٹھایا۔دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، تاہم کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے سے قبل مذاکرات پر کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیوں کو اہمیت نہیں دینی چاہیے۔
ٹرمپ کا ایران معاہدے پر مثبت اشارہ، تہران کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے کا عندیہ
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں