ٹرمپ کا ایران جنگ کے فیصلے پر افسوس نہ ہونے کا اعلان

ٹرمپ کا ایران جنگ کے فیصلے پر افسوس نہ ہونے کا اعلان

Sep 11, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں، چاہے اس کا اثر نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کارکردگی پر ہی کیوں نہ پڑے۔رائٹرز کے مطابق فاکس نیوز کی میزبان لورا انگراہم کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اگر انہیں دوبارہ یہی فیصلہ کرنے کا موقع ملے تو وہ ایک مرتبہ پھر اسی طرح کارروائی کریں گے۔امریکی صدر نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا کہ جنگ کے باعث ان کے حامی مایوس یا بددل ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے حامی اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف جنگ وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد ختم ہوجائے گی۔رائٹرز کے مطابق جنگ کے نتیجے میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ بھی وسط مدتی انتخابات سے قبل ریپبلکن امیدواروں کے لیے ایک اہم سیاسی مسئلہ بن چکا ہے۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی عوام میں جنگ کی حمایت محدود ہونے کے اشارے مل رہے ہیں۔ رائٹرز اور اِپسوس کے حالیہ سروے کے مطابق صرف 25 فیصد امریکیوں نے ایران کے خلاف جنگ کو قابلِ قدر قرار دیا ہے۔