ایران جنگ نہیں چاہتا، جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے: پزشکیان

ایران جنگ نہیں چاہتا، جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے: پزشکیان

Aug 31, 2026|ویب ڈیسک

تہران(مانیٹر نگ ڈیسک)ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں خاموش نہیں رہے گا۔ترکیہ کی خبر ایجنسی انادولو کے مطابق ایرانی صدر نے یہ بیان ایران کے جزیرہ لارک پر امریکا کے حملے کے بعد دیا۔کرغزستان میں ایک بین الاقوامی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران آئندہ ہونے والے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو جارحین کو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں عدم استحکام اور بدامنی کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں، بلکہ اس کے باعث سب کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔مسعود پزشکیان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہوگئے ہیں۔اس سے قبل ایرانی صدر نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے پابندیوں کے اثرات سے انکار کرنے والوں پر طنزیہ ردعمل دیا اور بتایا کہ ایرانی برآمدات میں 25 سے 35 فیصد کمی آئی ہے۔ایرانی صدر نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، لیکن ہر جارح کے خلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا۔مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ کسی بھی طاقت کے لیے ایرانی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا ممکن نہیں۔ ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی جنگ کا خواہاں ہے۔ خطے میں امن و استحکام کا قیام ہماری ترجیح ہے اور عالمی امن و استحکام کا آغاز خطے سے ہونا چاہیے۔